کراچی:سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے کیماڑی پر پھیلنے والی زہریلی گیس کا سراغ لگالیا ہے۔
ذرائع سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق ممکنہ طور پر ہائیدروجن سلفائیڈ کا اخراج کراچی بندرگاہ کے قریب قائم نجی کمپنی کے ٹینک سے ہوا،شبہ ہے کہ ان ٹینکس سے ہائیڈروجن سلفائیڈ خارج ہوتی رہی ہے۔
سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق کیماڑی میں ہائیڈروجن سلفائیڈ گیس کے اخراج سے فضا آلودہ ہوئی، سیپا کی ٹیموں نے کراچی بندرگاہ کے قریب تین مقامات کے نمونے لئے تھے، حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی درست صورتحال کا علم ہوگا۔
دوسری جانب زہریلی گیس سے متاثرہ مزید دو افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد دس ہوگئی ہے، کیماڑی سمیت شہر کے تمام نجی اور سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ ہے۔
ضیاءالدین اسپتال کلفٹن کے آئی سی یو میں جگہ کم پڑ گئی تاہم شدید متاثر ہونے والے تین افراد کو دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ریلوے کالونی، مسان روڈ، ڈاکس کالونی، تارا چند روڈ جیکسن مارکیٹ زیادہ متاثر ہوئے، نگینہ پولیس لائن، کچی پاڑہ، کسٹمز کوارٹرز کی آبادیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کی کمشنر کے توسط سے کے پی ٹی کا تمام آپریشن روکنے کی درخواست کی گئی ہے۔