کابل: افغانستان کے ایران سے متصل صوبہ ہرات میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس بعد وہاں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
افغانستان کے وزیر صحت نے سوموار کی صبح بتایا کہ ایک شخص میں چین سے پھیلنے والے مرض کورونا وائرس پایا گیا ہے جس کو طبی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔
کویت میں بھی کورونا کے تین مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جن میں ایک سعودی شہری بھی شامل ہے۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا کے شکار مریض ایران کے شہر مشہد سے آنے والے مسافر تھے جنہیں کویت ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ہے۔
کویتی وزارت صحت نے اعلامیہ جاری کرکے کہا ہے کہ ’تینوں مریضوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کی یقین دہانی ہوگئی ہے‘۔ وزارت نے کہا ہے کہ ’کرونا کا شکار پہلا مریض کویتی شہری ہے
جس کی عمر53سال ہے، دوسرا مریض سعودی شہری ہے جس کی عمر61 سال ہے جبکہ تیسرا مریض کسی ملک کی شہریت نہیں رکھتا بلکہ ان لوگوں میں سے ہے جو کویت میں کسی شہریت کے بغیر رہتے ہیں اور جنہیں سرکاری اصطلاح میں ’بدون‘ کہا جاتا ہے، اس کی عمر 21 سال ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ’احتیاطی تدابیر کے طور پر تینوں مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ جہاز میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کا بغور طبی معائنہ ہورہاہے۔