1971 پاک بھارت جنگ کے ہیرومیجر محمد اکرم شہید کا 47 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے ۔میجر محمد اکرم کو‘‘ ہیرو آف ہلی ’’ کے نام سے شہرت ملی ۔ شہید کو اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے بھی نوازا گیا۔
میجرمحمد اکرم چاراپریل 1948 کوضلع گجرات کے علاقہ ڈنگہ میں پیدا ہوئے۔ابتدا ءمیں وہ نان کمیشنڈ عہدے کے لئے منتخب ہوئے مگر پھر خصوصی امتحانات پاس کرنے اور ملٹری اکیڈمی کاکول سے تربیت حاصل کرنے کے بعد 13 اکتوبر1963 کو بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ پاک فوج کی فرینٹیئر فورس رجمنٹ سے وابستہ ہوئے۔ 1965 میں انہیں کیپٹن پرترقی ملی اور پاک بھارت جنگ میں ظفروال سیکٹر میں خدمات سرانجام دیں۔ 7 جولائی 1968 کو انہیں مشرقی پاکستان میں متعین کیا گیا۔ 1970 میں انہیں میجر کے عہدے پرترقی دے دی گئی۔
1971 کی جنگ کے آغاز کے وقت وہ ہلّی ضلع دیناج پور میں فرینٹیر فورس رجمنٹ کی ایک کمپنی کی قیادت کررہے تھے۔انہوں نے دو ہفتے تک دشمن کو پاکستان کی سرزمین پر ایک انچ بھی آگے نہ بڑھنے دیا اور دشمن کے اوسان خطا کردیئے۔ وہ بے مثال جرات و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری دم تک لڑے۔انہوں نے 5 دسمبر 1971 کو مادروطن کیلئے اپنی جان قربان کردی ۔ان کی لازوال بہادری اور شجاعت پر دشمن بھی داددیئے بغیرنہ رہ سکا۔
میجراکرم کی جرات کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں ملک کاسب سے بڑا عسکری اعزازنشان حیدرعطا کیا۔ وہ بنگلہ دیش میں بوگرا کے مقام پرآسودۂ خاک ہوئے۔