کراچی: ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 74 ہوگئی ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تفتان سے پہنچنے والے 50 مشتبہ مریضوں کے نتائج آگئے ہیں جن میں سے 26 زائرین کے نتائج مثبت ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 25 مریض کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہے۔ گزشتہ روز تک سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 35 تھی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قرنطینہ کے انتظامات سے مطمئن نہیں تھے اس لیے 110 زائرین کے ٹیسٹ لیے تھے جن میں سے 50 مثبت آئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ 76 میں سے دو صحت یاب ہوگئے ہیں، کورونا کے مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے اس وبا کو سنجیدگی سے لیں، ہمیں ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد کی گئی ہے، عوام اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر قرنطینہ کی ذمہ داری وفاق کی ہے، وفاقی، صوبائی حکومت اور عوام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 80 رکنی میڈیکل ٹیم کراچی ائیرپورٹ پر تعینات ہے، عام شہری کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔