نیویارک: امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے ہزاروں افراد کی اجتماعی قبریں ایک مضافاتی جزیرے ہارٹ آئس لینڈ میں بنائی جا رہی ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مذکورہ جزیرے پر روزانہ کم سے کم دو درجن افراد کو اجتماعی قبروں میں دفنایا جاتا ہے اور یہ کام ہفتے کے پانچ دن جاری رہتا ہے۔
دیہاڑی پر لائے گئے متعدد مزدور حفاظتی لباس پہن کر قبروں کی کھدائی اور تابوت اجتماعی قبروں میں دفن کرتے ہیں۔
نیویارک میں کورونا وائرس کے سبب سات ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور شہر کے مردہ خانوں میں گنجائش کم ہو رہی ہے۔
عام طور پر نیویارک شہر سے باہر چھوٹے چھوٹے جزائر پر ان غریب لوگوں کو دفن کیا جاتا تھا جن کے لواحقین اپنے پیاروں کی شہری قبرستانوں میں تدفین کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔
کوورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین اگر دو ہفتوں میں لاش وصول نہیں کرتے تو مردے کو اس جزیرے پر دفنا دیا جاتا ہے۔