کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد41 تک پہنچ گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کے سبب6 افراد جان کی بازی ہار گئے اور150 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں مجموعی طور پر 16 ہزار 26 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے ایک ہزار 668 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا وائرس سے ایک دن میں سب سے زیادہ مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے سبب اموات کی شرح2.4 فیصد ہوگئی ہے۔ سندھ میں تبلیغی جماعت کے پانچ ہزار اراکین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور جلد ہی ان کے ٹیسٹ شروع کر دیے جائیں گے۔
کورونا کے متعلق صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس طلب کیا ہے جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری اور کمشنر کراچی شرکت کریں گے۔
ترجمان سی ایم ہاؤس کے مطابق اجلاس میں مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے صورتحال کا جائزہ لیا اور لاک ڈاوَن کی ایس او پیز اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اقدامات پر غور کیا گیا۔
عالمی وبا کوروناوائرس کے سبب پاکستان میں107افراد جاں بحق اور5ہزار988 متاثر ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 272 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 11 اموات ہوئی ہیں۔
مقامی سطح پرکورونا وائرس کے55 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ بیرون ممالک سے آنے والے کیسز کی تعداد 45 فیصد ہے