کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے لاک ڈاؤن کی مدت میں 5 مئی تک توسیع کردی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے میں تمام بڑے کاروباری مراکز، ہوٹل اور کھانے پینے کی دیگر جگہیں، شاپنگ مالز، اندرون اور بیرون صوبہ چلنے والی ٹرانسپورٹ، ڈبل سواری، عوامی اور سیاسی اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ حکومت نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
حکومت بلوچستان کا کہنا ہے جس کاروبار کو کھولا گیا ہے اس کو بھی آہستہ آہستہ بند کر دیا جائے گا۔
صوبائی حکومت نے شہریوں کو گھر سے باہر نکلنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی سخت تاکید کی ہے۔بالخصوص چہرے کو ڈھانپنے کے لیے ماسک، مفلر اور کلچر شال پہنے کو لازمی قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں اس وقت کورونا کے465 مریض ہیں اور6 اموات ہوچکی ہیں۔ حکومت بلوچستان نے آنے والے دنوں میں مریض کی تعداد میں بتدریج اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔