اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے دو سو پینتالیس افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ مہلک وائرس نے تین ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی جان بھی لے لی۔
ہیلتھ پروفیشنلز سے متعلق قومی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ وزارت صحت کو ارسال کر دی۔
رپورٹ کے مطابق ایک سو انیس ڈاکٹرز اور سینتیس نرسوں میں کورونا واءرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اسپتالوں میں کام کرنے والے دیگر نواسی ملازمین بھی مہلک مرض میں مبتلا ہیں۔
ایک سو اکتیس ہیلتھ پروفیشنلز مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں اور ایک سو تیس کی حالت تسلی بخش ہے۔ اٹھہتر افراد کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اور تینتیس ہیلتھ پروفیشنلز صحتیاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 224 ہو گئی ہے جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 10513 ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے 742 کیسز رپورٹ ہوئے اور 15 مریض جان کی بازی ہار گئے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 4590 مریض ہیں۔ سندھ میں 3373، خیبرپختونخوا 1453، بلوچستان 552، گلگت بلتستان 290، اسلام آباد 204 اور آزادکشمیرمیں 51 مریض ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سےسب سے زیادہ 83 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 69، پنجاب میں 58، بلوچستان 8، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3،3 افراد جاں بحق ہوئے۔