کراچی: کراچی میں آج سے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے جس کے پیش نظر طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو ایمرجنسی وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک طرف کورونا وائرس کا خطرہ تو دوسری طرف سورج قہر برسائے گا، کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔
تادم تحریر شہر قائد میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 69 فی صد ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 8 مئی تک شہر قائد کا درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔
ادارے کے مطابق بدھ اور جمعرات کو کراچی میں درجہ حرارت 42 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے اسپتالوں کو ممکنہ ہیٹ ویو اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر ضروری انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے ۔
حکومتی احکامت کے مطابق ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کی چھٹیاں منسوخ رہیں گی۔
علاوہ ازیں تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو ایمرجنسی وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام اسپتالوں میں چوبیس گھنٹے میں ہیلتھ ایمرجنسی سہولیات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں اتوار سے سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور شہید بینظیر آباد میں طوفانی بارشوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔