اسلام آباد:عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 38 لاکھ 22 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔
پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 02 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 74 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار 275 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 64 افراد ہمیشہ کی نیند سو گئے ہیں جس کے بعد ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 500 سے تجاوز کرگئی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا کے سبب مزید 78 افراد نے دار فانی سے کوچ کیا ہے جس کے بعد ملک میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار 400 سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ ایک ہزار 650 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔