اسلام آباد:عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ عالمی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 48 لاکھ 1 ہزار سے زائد ہو گئی ہے.
عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 18 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 27 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 90 ہزار 9 سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کر گئی جب کہ 2 ہزار 600 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔
اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 77 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار 6 سو سے بڑھ گئی ہے۔
اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 25 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 31 ہزار9 سو سے زائد ہو گئی ہے۔