اسلام آباد: اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے متعارف کردہ قانون کو یکسر مسترد کردیا ہے۔
او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام شیئر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش غیرقانونی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں او آئی سی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں متعارف کرایا گیا نیا قانون اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی یہ کوشش جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
گزشتہ روز پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے متعارف کردہ قانون کو مسترد کیا گیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ گرانٹ آف جموں و کشمیر پروسیجر ایکٹ کشمیریوں کو حقوق سے محروم کرنے کی سازش ہے۔