واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمیشہ کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ روکنے کی دھمکی دے دی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ڈبلیو ایچ او بہتر لائحہ عمل اختیار کرے۔
صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر عالمی ادارہ صحت کورونا پر قابو پانے کے لیے اگلے تیس روز میں کوئی پختہ بہتری نہیں دکھاتا تو اس کی فنڈنگ ہمیشہ کے لیے روک دی جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیڈروس ادھانوم کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے کورونا وائرس سے متعلق غلط اقدامات کی قیمت پوری دنیا کو بھگتنی پڑی ہے۔
امریکی صدر نے لکھا کہ عالمی ادارہ صحت یہ ثابت کرے کہ وہ چین کی جانب سے آزاد ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو چین کی کٹھ پتلی قرار دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے غیرتسلی بخش کام کیا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی امداد کم کرنے پر غور کر رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت کو فنڈنگ کے حوالے سے جلد فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ ایک ماہ قبل امریکہ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے فنڈز روک دیے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او پر چین نواز ہونے کا الزام لگایا اور کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس سے متعلق درست معلومات فراہم نہیں کیں۔