اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
میڈیا کو دیئے گئے وڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کا واحد حل احتیاط ہے، صحت کے نظام میں بہتری سے متعلق صوبوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں 250 وینٹی لیٹرز صوبوں کو فراہم کیے گئے، حکومت رواں ماہ میں ایک ہزار آئی سی یو بیڈز یقینی بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جولائی میں کورونا ٹیسٹ استعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ 2 ہزار 67 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ مزید 65 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 34 ہزار 355 مریض صحتیاب ہو گئے۔