کراچی: کھڈا مارکیٹ لیاری میں مخدوش عمارت گرنے سے دو افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ عمارت کے ملبے سے مزید زخمیوں کو نکالنے کا امدادی کام جاری ہے۔
نیا آباد گلی نمبر چار میں عمارت گرنے کا حادثہ پیش آیا ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پاک فوج رینجرز اورامدادی اداروں کا ریسکیوآپریشن جاری ہے جب کہ پولیس نے اطراف کی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا ہے۔
پاک فوج کی انجینئرنگ کور کے جوان بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ سراغ رساں کتے بھی موجود ہیں جو ملبے تلے دبے ہوئے لوگوں کی تلاش میں مدد دے رہے ہیں۔
حادثے کی ابتدا میں امدادی اداروں کے رضاکار اہل محلہ کی مدد سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ علاقہ مکینوں کو خدشہ ہے کہ عمارت کے ملبے میں ابھی کئی افراد دبے ہوئے ہو سکتے ہیں۔
کھڈا مارکیٹ میں گرنے والی عمارت سے متصل عمارت بھی خطرناک قرار دے دیا گیا ہے۔ ہم نیوز کی اطلاع کے مطابق قریبی عمارت کی چھت کا بھی تھوڑا سا ملبہ گرا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
ہم نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق ایس بی سی اے کی مخدوش عمارتوں کی ٹیکنکل کمیٹی نے16 مارچ کو اس رہائشی عمارت کا معائنہ کیا تھا۔
ایس بی سی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پلاٹ نمبر 635 پر بنی ہوئی پانچ منزلہ عمارت انسانی زندگیوں کےلیےخطرناک ترین ہے۔