گھوٹکی: گھوٹا مارکیٹ کے قریب دھماکے سے ایک شہری اور 2 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے۔
ڈی ایس پی گھوٹکی حافظ قادر نے گھوٹا مارکیٹ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق رینجرز کی گاڑی گھوٹا مارکیٹ کے قریب کھڑی تھی جو دھماکے سے شدید متاثر ہوئی۔ شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں اور شہری کی لاش قریبی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
10 جون کو کراچی میں رینجرز کی چوکی کے قریب کریکر دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا۔ زخمی راہ گیر کی شناخت محمد اکرم کے نام سے ہوئی تھی جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
رینجرز کی چوکی کے قریب کریکر دھماکے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ثبوت و شواہد اکھٹے کیے۔
کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والے نوجوان محمد اکرم نے اس ضمن میں بتایا تھا کہ وہ اپنے بھائی کو فیکٹری میں سامان دینے جارہا تھا کہ جونہی وہ چڑھائی سے اترا تو کوئی زور دار چیز دھماکے سے پھٹ گئی۔
گزشتہ ہفتے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کےعلاقے صدر میں بھی بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔