کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں 20 جولائی سے انسداد پولیو مہم شروع ہو گی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کراچی میں انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
کورونا کے باعث انسداد پولیو مہم کو پہلے مرحلے میں محدود رکھا گیا ہے۔ مارچ سے اب تک بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے جا سکے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اگست سے دسمبر تک باقاعدگی سے انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔ انسداد پولیو مہم کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہو گا۔
انسداد پولیو ورکرز سینیٹائزرز، گلوز اور ماسک کا استعمال کریں گے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان پر عارضی سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کے باعث کیا گیا۔
عالمی ادارہ صحت کی انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشن ایمرجنسی کمیٹی کی 25ویں اجلاس میں پاکستان پر عارضی سفری پابندیوں میں تین اکتوبر تک توسیع کی گئی۔
پابندیوں کے تحت پاکستان سے باہر جانے والے افراد کی پولیو ویکسینیشن لازمی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے بعض علاقے پولیو وائرس کے نئے گڑھ بن گئے ہیں۔
کراچی اور کوئٹہ میں بھی پولیو وائرس کی ٹرانسمیشن بلا تعطل جاری ہے۔