لاہور/کراچی/ اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے تین بڑے شہروں میں بارش سے ان کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
لاہور میں بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر ہوا اور 50سےزائد فیڈرٹرپ کر گئے ہیں۔ فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔
گلشن راوی، راج گڑھ، سمن آباد، بند روڈ، ڈھولنوال، چوبرجی پارک، فیز پور، علی پارک، بیگم کوٹ، کوٹ لکھپت، چونگی امرسدھو، نشاط کالونی، صدر، مغل پورہ، دھرم پورہ، شالامار، مزنگ، قلعہ گجرسنگھ، شادباغ، سلطان پورہ اور شاہدرہ بھی بجلی سے محروم ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا متوقع ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ عزیز آباد، لیاقت آباد، گلشن اقبال، کریم آباد اور اطراف کے علاقوں میں رات گئے بارش ہوئی۔
صدرسائٹ ایریا اور کھاردار کے علاقوں میں بھی بادل برسے ہیں جس سے گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے۔