پاکستان آرمی کے دستے نے برطانیہ میں ہونے والا عالمی فوجی پریڈ مقابلہ “پیس اسٹکنگ” جیت لیا۔ مقابلے کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے ڈرل، ٹرن آوَٹ اور نظم وضبط کا بہترین عملی نمونہ پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی جانب سے آرمی کے دستے نے برطانیہ میں رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں ہونے والے عالمی فوجی پریڈ مقابلے پیس اسٹکنگ کمپٹیشن میں حصہ لیا۔
ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان نے مسلسل تیسرے سال یہ مقابلہ جیتا ہے۔ عالمی مقابلے میں پاکستان ملٹری اکیڈمی ( پی ایم اے ) نے پاک فوج کی جانب سے نمائندگی کی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان آرمی نے ایونٹ میں پہلی مرتبہ سال 2018 میں شرکت کی تھی اور چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ مقابلوں کا انعقاد برطانوی رائل ملٹری اکیڈمی میں ہوا۔
برطانیہ میں 300 سالہ تاریخ میں نیا باب رقم
اس موقع پر برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے سے جاری بیان میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے ٹیم کو مبارک باد دی اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار قائم رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ پیس اسٹکنگ کمپٹیشن کے نام سے مشہور یہ انٹرنیشنل ملٹری ڈرل مقابلہ ہے۔