اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مجموعی مہنگائی میں 0.23 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ واربنیادوں پر 17 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں جن میں چکن 22 روپے 78 پیسے فی کلو اضافے کے بعد 238 روپے فی کلو تک پہنچ گئی جب کہ حالیہ ہفتے گھی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 64 پیسے اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال مونگ، انڈوں، تازہ دودھ، پاوڈر دودھ اور دال ماش کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا جب کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 4 روپے 16 پیسے مہنگا ہوا اور آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 7 روپے 67 پیسے فی من اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایاگیا ہےکہ حالیہ ہفتے 13 اشیاء سستی ہوئیں جن میں چینی کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 13 پیسے کمی آئی اور ٹماٹر 14 روپے 39 پیسے فی کلو سستے ہوئے جب کہ ایک ہفتے کے دوران پیاز 5 روپے 51 پیسے، آلو 6 روپے 25 پیسے فی کلو، آٹا 18 پیسے فی اور لہسن کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 89 پیسے کمی آئی۔