اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فوج کے خلاف سرگرم نیٹ ورک بے نقاب کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں حکومت اور فوج کے خلاف مہم، پی ڈی ایم جلسوں و حکومتی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں حکومت کے خلاف سوشل میڈیا پر ڈس انفارمشین مہم کی رپورٹ پیش کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈس انفارمیشن مہم کے پیچھے چھپےعناصر کو بےنقاب کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حسین حقانی نیٹ ورک حکومت اور اداروں کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ یہی نیٹ ورک سوشل میڈیا پر بلاول، مریم کو عمران خان کے ساتھ جوڑ کر برینڈ بنانا چاہتا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 2 جونیئر سیاستدانوں کو قد آور سیاستدانوں کے ہم پلہ لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فوج مخالف بیانیہ کا موثر جواب دیا جائے۔ فوج ہمارا ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کا دفاع قومی ذمہ داری ہے۔ سوشل میڈیا پر اداروں کو بدنام کرنے والوں کا پیچھا کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی پارٹی میں اختلافات کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمان اپنی پارٹی نہیں بچا سکا اس کے ساتھ کون کھڑا ہو گا، جے یو آئی کے لوگ تقسیم ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ این آر او کے لیے اپوزیشن نے سارے کارڈ کھیل لیے، اب معاملہ الجھا رہے ہیں۔