کراچی: روس کی تیارکردہ کورونا ویکسین اسپوتنک فائیو کی کنسائنمنٹس کی فروخت کے معاملے پر عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے ڈریپ کی جانب سے روسی کورونا ویکسین اسپوتنک فائیو کی فروخت روکنے کی استدعا مسترد کردی۔
عدالت عالیہ کی جانب سے جاری کردہ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کو کورونا کی خطرناک صورتحال کا سامنا ہے تو ہنگامی صورت حال کے پیش نظر ویکسین کی فروخت نہیں روکی جا سکتی ہے۔
فیصلے میں تحریر ہے کہ ویکسین کی فروخت روکنا عوامی مفاد میں نہیں ہے۔ اس ضمن میں ہدایت کی گئی ہے کہ حکومت 7 روز میں کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر نجی کمپنی زائد قیمت پر ویکسین فروخت کرے تو بعد میں وصولی کرلی جائے۔
عدالت نے ڈریپ حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے ویکسین کی قیمت سے متعلق دعوے کی سماعت 12 اپریل تک ملتوی کردی۔