پاکستان میں کورونا کے وار جاری ہیں اور ملک میں وبا سے ہلاک افراد کی تعداد 15 ہزار اور کیسز 7 لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41699 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4004 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 102 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.6 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15026 ہو گئی اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 188 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 64373 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2631 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 620789 ہو گئی ہے۔
صوبوں کی صورتحال
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 267238 ہوگئی ہے جب کہ 4516 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 237594 ہے اور 6731 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19942 اور ہلاکتیں 212 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 93862 اور 2496 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 13713 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 380 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5064 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 62775 ہے اور اب تک 588 مریض انتقال کر چکے ہیں۔