اسلام آباد: پاکستان نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے روس کی تیار کردہ ویکسین کو ملک میں تیار کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ روس نے کورونا ویکسین اسپوتنک 5 تیار کی ہے۔
اس بات کا اظہارپاکستان اور روس کے وزرائے خارجہ کی جانب سے کی جانے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مذاکرات میں روس کے اشتراک سے اسپتونک V ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری پر غور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کی تیار کردہ ویکسین پاکستان میں رجسٹرڈ ہے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس صحت کی سہولتوں کے حوالے سے ایک ایڈوانس ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب روس کے اشتراک سے اسپوتنک 5 ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کے پہلوؤں غور کر رہے ہیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو 50 ہزار خوراکیں مہیا کی ہیں اور مزید ڈیڑھ لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرونا ویکسین کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون آئندہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔
روس دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے جانوروں کو بھی کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ویکسین تیار کرلی ہے۔