پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ برطانیہ نے نوازشریف کی ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب نوازشریف فیصلے کیخلاف اپیل کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ایک مفرور کے چہرے پر تھپڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاس نظرثانی اپیل کا آپشن موجود ہے۔ میرے خیال میں انہیں واپس آ کر سیدھا جیل جانا چاہئے۔
فیصل واوڈا نے کہا شرم کی بات ہے اس ملک کا سابق وزیراعظم مفرور ہے۔ ہو سکتا ہے اب میاں صاحب کسی چھوٹے ملک میں نکل جائیں۔
یاد رہے کہ فیصل واوڈا نے تین اگست کو ٹویٹ کیا تھا کہ برطانیہ کی طرف سے بیماری کا بہانہ کر کے ملک سے بھاگنے والے بھگوڑے نواز شریف کا ویزہ کینسل کیا جا رہا ہے اور مجرم اپیل میں جانا چاہتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ نے نوازشریف کے ویزہ میں توسیع سے معذرت کرلی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ برطانوی محکمہ داخلہ کے مطابق نوازشریف فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹریبونل میں اپیل کرسکتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کے وکلا نے برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں اپیل دائر کردی ہے۔
ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں دائر اپیل پر فیصلہ ہونے تک محکمہ داخلہ کا حکم غیرمؤثر رہے گا۔
سابق وزیراعظم کو وفاقی حکومت کی جانب سے نومبر 2019 میں علاج کی غرض سے لندن جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
نوازشریف نے نومبر2020 کو طبی بنیاد پر ویزے کی معیاد بڑھانے کے لیے برطانوی لا فرم کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیور (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخی کی سفارش کی تھی۔
نواز شریف کے پاسپورٹ کی معیاد 15 فروری2021 کو ختم ہو گئی تھی اورحکومت نے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی۔