سعودی عرب میں خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، حرم شریف میں 20 خواتین کو اعلیٰ عہدوں پرتعینات کردیا گیا ہے۔
سربراہ حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خواتین کو معاون سربراہ اور سیکریٹریز تعینات کیا گیا ہے، جو ماسٹر اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں کے حامل ہیں ۔
جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ حرم شریف میں تعینات ہونے والی خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت کو ثابت کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معزز خواتین کو مزید عہدوں پر فائز ہونے کے لیے علمی اور عملی طور پر بااختیار بنایا جائے گا۔
خواتین سعودی وژن 2030 کے تحت حج، عمرہ اور زائرین کو سہولتیں فراہم کریں گی۔ اس سے قبل خواتین سیکورٹی اہلکاروں کو مساجد کے انتظامی اور تکنیکی محکموں میں بھی تعینات کیا جاچکا ہے۔
سعودی عرب میں “حج و عمرہ سیکورٹی” کی خواتین عسکری اہل کاروں نے بھی زائرین، معتمرین اور نمازیوں کی خدمت کے لیے مسجد حرام میں اپنے مقررہ مقامات پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔
خواتین عسکری اہل کار مسجد حرام میں سیکورٹی کے حوالے سے متعدد ذمے داریاں انجام دے رہی ہیں۔ ان میں احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے نفاذ کی نگرانی اور حرم مکی میں خواتین سے متعلق تمام سیکورٹی امور پر نظر رکھنا شامل ہے۔