لاہور: گزشتہ 7 ہفتوں کے دوران اوسط سے کم بارشوں، آبپاشی کی بڑھتی ہوئی طلب اور پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت کی کمی کے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کو خدشہ ہے کہ شاید رواں سال دونوں ڈیمز نہ بھر سکیں جس سے ربیع کی فصل کو سنگین بحران کا سامناہوگا۔
ایک رپورٹ میں محکمہ موسمیات کے اعدادو شمار کے حساب سے بتایا گیا کہ اگست کے ابتدائی 3ہفتوں میں 58 فیصد کم بارشیں ہوئیں اور اگر یکم جولائی تا 23 اگست تک گزشتہ 7 ہفتوں کی اوسط دیکھی جائے تو ملک کو 22 فیصد بارش کی کمی کا سامنا ہے۔
گزشتہ 7 ہفتوں میں سندھ کو سب سے زیادہ مسائل کا سامنا رہا جہاں بارشیں 65 فیصد، گلگت بلتستان میں 34 فیصد، آزاد کشمیر میں 28 فیصد اور پنجاب میں 25 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔
پانی کی یہ قلت قدرتی طورپر پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھاتی ہے جن مکمل نہ بھرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ارسا کے ترجمان خالد ادریس رانا نے کہا کہ اگر تربیلا ڈیم نہ بھرا جس کا اب واضح امکان ہے تو ایسا ڈیم کی 44 سالہ تاریخ میں تیسری مرتبہ ہوگا۔