لاہور: چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے عہدے میں توسیع لینے سے معذرت کر لی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے احسان مانی کے فیصلے سے متعلق تصدیق کر دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق نیا چئیرمین کون ہو گا ؟ اسکا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے، وزیراعظم چئیرمین پی سی بی کے لئے دو نام بھیجیں گے۔
جس کے بعد وزیراعظم کے بھیجے گئے ناموں پر بورڈ آف گورنرز حتمی فیصلہ کرے گا۔
کچھ روز پہلے ہی عمران خان کی موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سابق کپتان رمیز راجہ سے وزیراعظم ہاؤس میں علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات کے بعد عمران خان کی طرف سے رمیزراجہ کا نام بطور چئیرمین پی سی بی بورڈ آف گورنرز کو بھجوانے کی خبروں نے زور پکڑ لیا تھا۔
یاد رہے کہ 59 سالہ رمیز راجہ پاکستان کی جانب سے 57 ٹیسٹ اور 198 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں۔
رمیز راجہ کو ان کے بالوں کے اسٹائل کی وجہ سے ریمبو بھی کہا جاتا ہے۔ سابق کپتان انٹرنیشنل و ڈومسٹک کرکٹ میں کمنٹری کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور انہیں کرکٹ کا راجہ بھی کہا جاتا ہے۔
رمیز راجہ 1992 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم بھی حصہ تھے، اور انہوں نے ہی ورلڈ کپ فائنل میں تاریخی کیچ پکڑا تھا۔
اس کے علاوہ سابق کپتان کو فلم سازی کا بھی شوق ہے، انہوں نے بھارتی فلم تور باز میں بطور کریٹیو ڈائریکٹر خدمات سرانجام دی تھیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی مدت ملازت 28 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ انہیں 2018 میں چیئرمین پی سی بی تعینات کیا گیا تھا۔