تہران: ایران میں ڈاکوؤں نے کورونا ویکسین کی درجنوں خوراکیں لوٹ لیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں ڈاکوؤں نے ویکسین کی خوراکیں لے جانے والی گاڑی پر اچانک حملہ کیا اور ویکسین لے کر فرار ہو گئے۔
تہران پولیس کے سربراہ حسین رحیمی کے مطابق ڈاکوؤں نے تہران کے جنوب میں وزارت صحت کے میڈکل اسٹور سے نکلنے والی گاڑی پر حملہ کیا اور 300 کے قریب کورونا ویکسینز لوٹ لیں۔
ڈاکوؤں کی جانب سے لوٹی جانے والی کورونا ویکسین کی تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم ایران میں زیادہ تر چینی ساختہ سائنو فارم ویکسین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایران کچھ روسی ساختہ ویکسین، برطانوی ایسٹرازینیکا اور ایران میں تیار کردہ کورونا ویکسین کو بھی استعمال کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں اب تک صرف 8 فیصد آباد کو ہی کورونا ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ ایران میں اب تک کورونا کی وجہ سے ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
ایران اس وقت کورونا کی پانچویں لہر سے نبرد آزما ہے جس میں ڈیلٹا کا پھیلاؤ روکنا ایک چیلنج ہے۔