کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
کراچی میں دن بھر حبس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں ڈیفنس،کلفٹن،صدر، شارع فیصل اور گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شام 5 بجے تک گلشن حدید میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بریک ڈاؤن کے باعث شہر کے اکثر علاقے پہلے ہی کئی گھنٹے بجلی سے محروم تھے تاہم تکنیکی خرابی دور ہونے کے بعد بحال ہونے والی بجلی بارش ہوتے ہی پھر غائب ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے قریب سمندر کے جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جس کے باعث 4 ستمبر تک شہر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو کے الیکٹرک کے 1900 میں سے 1400 فیڈر ٹرپ کرگئے تھے اور شہر کے مختلف علاقوں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد،کلفٹن، ڈیفنس اور ایف بی ایریا وغیرہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے 1900 میں سے 900 فیڈرز بند ہونےکا اعتراف کرلیا ہے،کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ 986 فیڈرز کے ذریعے بلا تعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے۔