اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین بھی کورونا ویکسین لگواسکتی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اسلام آباد کو 100 فیصد ویکسی نیٹڈ شہر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین بیماری سے بچاتی ہے اور حکومت نے یہ خریدی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وبا سے عوام کے تعاون سے نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ضروری ہے کہ ہر شہری کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے میں تاخیر نہ کرے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں رہ جانے والے علاقوں میں جا کر ویکسی نیشن کریں گی۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ جب موبائل ویکسی نیشن ٹیم آئے تو ویکسین ضرور لگوائیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ موبائل ویکسی نیشن یونٹ محکمہ صحت کا ایک انقلابی اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل ویکسی نیشن یونٹ میں ڈیٹا انٹری کے ساتھ ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں گے۔