پشاور: خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں چلنے والی بی آر ٹی میں سفر کرنے کے لیے اب شہریوں کو ویکسین کا پابند کر دیا گیا۔
پشاور بی آر ٹی میں سفر کرنے کے لیے کورونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دے دیا گیا اور بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بی آر ٹی میں سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔
ترجمان ٹرانس کے مطابق حکومتی احکامات پر بی آر ٹی میں 20 ستمبر تک کورونا ویکسی نیشن کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی جو آج ختم ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی ایک ڈوز والے مسافر بھی بی آر ٹی میں سفر کر سکیں گے۔ شہری کورونا ویکسی نیشن مکمل کروائیں اور اپنا اور دوسروں کا سفر آسان بنائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کی ویکسی نیشن کا سرٹیفیکیٹ فضائی سفر کے لیے بھی لازمی قرار دیا گیا اور یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والوں کو بھی فضائی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب پشاور بی آر ٹی میں سیکیورٹی گارڈ نے شہری پر مبینہ تشدد کیا۔ دونوں میں تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد سیکیورٹی گارڈ نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
ترجمان ٹرانس کے مطابق معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جس کی بھی غلطی ہو گی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔