وزیراعظم عمران خان قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
وزیراعظم عمران خان سے ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی ملاقات میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور دیگر بورڈ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے ہر کھلاڑی سے الگ الگ گفتگو کی
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کھلاڑیوں سے اپنا کرکٹ کا تجربہ شئیر کیا اور اس دوران کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا جب کہ وزیراعظم نے ہر کھلاڑی سے الگ الگ گفتگو کی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو میدان میں سر اٹھا کر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کھلاڑیوں کے کندھے گرے ہوئے دیکھتے ہیں تو بہت برا تاثر جاتا ہے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، آخری گیند تک ہار نہیں ماننی چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں کرکٹ کھیلنی چاہیے اور مخالف کھلاڑی کو آؤٹ کرنے پر زیادہ مناسب خوشی منانی چاہیے۔
اپنے دماغ سے دورہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا معاملہ نکال دیں: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی آخری دم تک لڑتا رہتا ہے اور ہار نہیں مانتا، کسی بھی صورت اپنے آپ کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے، بھرپور ٹریننگ کریں، محنت کریں اور 100 فیصد پرفارمنس دیں، ہمیشہ گراؤنڈ میں مثبت مائنڈ سیٹ کے ساتھ اتریں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے دماغ سے دورہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا معاملہ نکال دیں، اپنا فوکس ورلڈکپ پر مرکوز رکھیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کھلاڑیوں نے کو 92 کے ورلڈکپ کی کہانی بھی سنائی اور کہاکہ 92 کے ورلڈکپ میں دنیا کو لگتا تھا کہ ہم اگلے راؤنڈ میں نہیں پہنچ سکیں گےلیکن ہم ورلڈکپ جیت گئے۔
ٹیم کو جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا مشورہ
وزیراعظم نے کھلاڑیوں کوگراؤنڈ میں جارحانہ حکمت عملی اپنانےکا مشورہ دیا اور تمام ٹیم کو اتفاق و یکجہتی سے کھیلنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ صرف اور صرف پاکستان کے لیے کھیلیں اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں، کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے، انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے، ایک راستہ عزت کا ہے اور دوسرا پیسے کا، آپ کو پیسے کے بت کو توڑنا ہے، ٹیم اور قوم کیلئے کھیلنا ہے، پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں۔
پریشر میں پریشان ہونےکی بجائے لطف اندوز ہونا سیکھیں، وکٹ لینے پر کام کریں
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے اور سفیر ہیں، ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے، میدان میں اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں، وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے، میں جب کھیلتا تھا تو ہم نے کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈکپ جیتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ ٹیکنیک کو متعارف کرایا، ٹیم کو اعصابی طور پر مضبوط کریں، پریشر میں پریشان ہونےکی بجائے لطف اندوز ہونا سیکھیں، وکٹ لینے پر کام کریں، رن روکنا اور وکٹ لینا دو علیحدہ ٹیکنیک ہیں، محنت سے ایک مضبوط ٹیم بنیں، پوری قوم کی آپ سے امیدیں وابستہ ہیں۔
ٹیم کو اس نہج پر لیجائیں کہ ہر کوئی اس سے کھیلنےکو ترسے، وزیراعظم کی رمیز راجہ کو ہدایت
ذرائع کا کہنا ہےکہ چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو دونوں ملکوں کے بورڈ کے سربراہان سے رابطوں پر بھی بریفنگ دی، وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی کو دوروں کی منسوخی پر معذرت خواہانہ رویہ نہ رکھنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اس نہج پر لے جائیں کہ ہرکوئی اس کے ساتھ کھیلنےکو ترسے۔
وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی کو بورڈکا ازسر نو جائزہ لینےکی ہدایت کی اور پی سی بی میں پروفیشنل افراد کو لانےکی ہدایت کی، وزیراعظم نے اسکول اور کلب کرکٹ سمیت علاقائی کرکٹ کو ترجیحی بنیاد پر فروغ دینےکی ہدایت کی۔
ذرائع نےبتایا ہے کہ وزیراعظم نے انفراسٹرکچر کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کو روڈ میپ بھی دیا اور کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو اتنا مضبوط بنائیں کہ وہ بین الاقومی معیار سے کم نہ ہو، وزیراعظم نےکھلاڑیوں کو ہر ممکن مراعات دینےکی بھی ہدایت کی۔