لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی کورونا ویکسین لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کے نام پر جعلی کورونا ویکسین لگائے جانے کی رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کو کورونا ویکسین لگانے کی ڈیٹا انٹری کی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کو جعلی کورونا ویکسین کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں لگائی گئی، نواز شریف کی ویکسین کی انٹری نوید الطاف نامی ویکسینیٹر نے کی۔
دستاویزات کے مطابق نواز شریف کو ویکسین کی پہلی ڈوز کل شام چار بج کر چار منٹ پر لگائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو سائنو ویک کی دوسری ڈوز کے لیے 20 اکتوبر کو بلایا گیا ہے۔
نوازشریف کی ویکسی نیشن، طبی عملے کے2اہلکار معطل
کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے اہم ایس کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود نرس یا پیرا میڈکس اسٹاف انٹری کرتا ہے۔ عملے کے ملوث ہوئے بغیر انٹری نہیں ہوسکتی۔ ایم ایس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد دونوں کو معطل کیا گیا۔
آج ہی سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کی خبر آئی تھی۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق نواز شریف کے شناختی کارڈ پر ویکسین کا جعلی اندراج ہوا۔
سابق وزیراعظم کے شناختی کارڈ پر جعلی اندراج نادرا کے پورٹل پر اپ لوڈ بھی کیا گیا۔
نواز شریف کے شناختی کارڈ پر گزشتہ روز ویکسی نیشن کا اندراج کیا گیا، ریکارڈ کے مطابق نوازشریف کو سائنوویک کی پہلی خوراک لگائی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے شناختی کارڈ کا اندراج لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ویکسی نیشن سینٹر میں ہوا۔