وزیراعظم عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا اور کمیٹی ارکان سے خفا خفا دکھائی دیے۔
ذرائع کے مطابق دوران اجلاس وزیراعظم نے وفاقی وزرا اور کمیٹی ارکان سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاملہ ہو آپ ایک ساتھ نظر نہیں آتے۔
عمران خان نے کہا کہ چند ہفتوں سے وزرا اور پارٹی قیادت فرنٹ فٹ پر نظر نہیں آئی، دوران اجلاس وزیر اعظم نے وزرا کو کالعدم تنظیم کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر بات کرنے سے بھی روک دیا۔
اس دوران عمران خان نے ایم کیو ایم کی مثال دے کر کہا کہ جب وہ ایم این اے تھے تو ایم کیو ایم کے 18 کے 18 ارکان یک زبان ہو کر بولتے تھے۔
وزیراعظم نے اس دوران کور کمیٹی ارکان کو فواد چوہدر ی اور اعظم سواتی کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کی۔
اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں ایم کیو ایم، جی ڈی اے، ق لیگ اور بی اے پی کو مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کو کالعدم تنظیم کےاحتجاجی مارچ سے پیدا صورتحال اور معاہدے پر اعتماد میں لیاجائے گا۔