وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تین روپے والی دوا سات روپے کی ہونے سے قیامت نہیں آ گئی۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ قیمتیں نہ بڑھائیں تو ادویات کی قلت پیدا ہوگی ، صحت کارڈ سے مسئلہ ہی نہیں رہا، ادویات اورعلاج مفت ہے ۔
فواد چودھری نے سستے پیٹرول کیلئے عوام کو دعاؤں کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں اتنی کم نہیں ہوئیں کہ اثرات یہاں تک پہنچیں، قیمتیں کم ہونے کی دعا کریں۔
دعا کریں پیٹرول مزید سستا ہو جائے، فواد چوہدری
میڈیا بریفنگ کے دوران سوال کے جواب میں کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہو رہا ہے لیکن اتنا نہیں ہوا ، دعا کریں پیٹرول مزید سستا ہو جائے۔
فواد چودھری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سستی گیس کے عادی افراد کو عادتیں بدلنا ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی گیس کے ذخائر ہر سال نو فیصد کم ہو رہے ہیں ۔ بڑے شہروں کے اٹھائیس فیصد افراد کا بوجھ پورے ملک کے اٹھہتر فیصد عوام اٹھا رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس کا پورا نظام ری اسٹرکچر کرنا ہوگا ۔ یہی صورتحال رہی تو چند سالوں میں گیس نہیں رہے گی۔