کراچی، حیدر آباد اور سکھر سمیت سندھ بھر موسم سرما کی تعطیلات ختم ہوگئیں۔ اسکول کھل گئے۔ آزاد کشمیر میں چھٹیاں بڑھا دی گئیں۔
موج مستی اور سیر سپاٹوں کو بریک لگ گئی۔ سندھ بھرمیں موسم سرما کی تعطیلات کے بعد آج سے تدریسی عمل شروع ہو گیا۔ اسکول کھل گئے، کالجوں میں بھی کلاسیں لگ گئیں۔
محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافے سے متعلق غور نہیں کیا جا رہا ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہو چکاہے۔ رواں ہفتے کراچی سے آزاد کشمیر تک بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی امکان ظاہر کیا ہے کہ رواں سال معمول سے زائد اورریکارڈ بارشیں ہوں گی، کراچی میں اولے پڑ سکتے ہیں۔ موسم کی متوقع شدت اور بارشوں کے باعث والدین نے محکمہ تعلیم سندھ سے موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
جبکہ آزادکشمیر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید 5دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ چھٹیوں میں اضافے کا فیصلہ شدید سردی کے باعث کیا گیا۔
آزادکشمیر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں موسم سرماکی تعطیلات یکم جنوری تک تھیں۔ چھٹیوں میں توسیع کے بعد اب تعلیمی ادارے10 جنوری کو کھلیں گے۔