بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی طویل عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری تو اسکور نہیں کر سکے لیکن ٹیسٹ میچوں کی سنچری کرنے میں کامیاب رہے۔ ویرات کوہلی آج 100ویں ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے ہیں۔
موہالی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے پہلے ویرات کوہلی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تمام کھلاڑی میدان میں اکٹھے ہوئے۔ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے انہیں اعزازی کیپ دی۔ راہول ڈریوڈ نے کہا کہ ویرات کے پاس نظم و ضبط، ہمت، مہارت اور عزم سمیت سب کچھ ہے۔ اسی لیے وہ یہاں تک پہنچے۔ انہوں نے کوہلی کو 100واں ٹیسٹ کھیلنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں دوسروں کے لیے مثال قرار دیا۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ ان کے لیے بہت خاص ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور یہ ان کے ساتھیوں کے بغیر ممکن نہیں تھا، انہوں نے بھارتی بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وہلی نے اب تک 99 ٹیسٹ میچوں میں 50.39 کی اوسط سے 7 ہزار 962 رنز اپنے نام کیے ہیں جس میں 27 سنچریاں شامل ہیں۔ گراؤنڈ میں ہونے والی اس خصوصی تقریب میں پوری ٹیم کے ساتھ ویرات کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما بھی موجود تھیں۔
ویرات کوہلی 12ویں بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں جو 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے کے سنگ میل تک پہنچے ہیں، اس فہرست میں سنیل گواسکر، دلیپ وینگسارکر، کپل دیو، سچن ٹنڈولکر، انیل کمبلے، راہول ڈریوڈ، سارو گنگولی، وی وی ایس لکشمن، وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ اور اشانت شرما کے نام شامل ہیں۔