وزیر اعظم عمران خان ملک کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت سیاسی کور کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا، اجلاس میں مزید منحرف ہونے والے اراکین سے متعلق غور کیا جائے گا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں جاری سیاسی کور کمیٹی اجلاس میں اسپیکر اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری شریک ہیں۔
اس سے متعلق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے عمران خان آخری بال اور آخری اوور تک لڑیں گے، بلیک میلرز کےخلاف کل توقوم سےخطاب نہیں ہوا آج ضرور ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں آج لاہور جا رہا تھا لیکن قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا لیا گیا۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کمیٹی کا اِن کیمرہ اجلاس شام 6 بجے طلب کیا گیا ہے، پارلیمانی سیکیورٹی کمیٹی کو خفیہ مراسلے پر بریفنگ دی جائے گی۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کے حتمی وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی قوم کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں، ان شا اللّٰہ فتح پاکستان کی ہے، فتح اس قوم کی ہےفتح کپتان کی ہے۔