پاکستان کے سینئر اداکار خالد انعم نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے حالیہ بیان کی وجہ سے اُن پر تنقید کی ہے۔
خالد انعم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی اسٹوری شیئر کی جس میں اُنہوں نے شاہد آفریدی کی بیٹنگ پر دلچسپ انداز میں طنز کیا۔
اداکار نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کہا کہ ’شاہد آفریدی سے اختلاف اپنی جگہ لیکن شاہد آفریدی ایک ہیرو ہے، ایک وقت تھا جب پاکستان کے 28 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوتے تھے پھر شاہد آفریدی بیٹنگ پر آتے تھے اور پاکستان کے 28 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہوجاتے تھے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں شاہد آفریدی نے پاکستان کے موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی تھی اور عمران خان کی پالیسیوں پر تنقید کی تھی جس کی وجہ سے اُنہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
بعد ازاں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی عمران خان کی ذات پر تنقید نہیں کی ہے، ان کی پالیسیوں سے اختلاف رکھنے کا حق مجھے حاصل ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ ’میں یہ بات ایک عام شہری کی حیثیت سے کر رہا ہوں، میں نے سیاسی باتوں کی وجہ سے تنقید نہیں کی، عام پاکستانی کے طور پر خیالات کا اظہار کیا ہے اور تنقید اور اختلاف کرنے کا حق ہر پاکستانی کو حاصل ہے۔