کراچی میں ایک بار پھر کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز موسلادھار بارش کے بعد ملیر ہالٹ، نیو ایم اے جناح، جمشید روڈ، اسٹار گیٹ، بہادر آباد، پی آئی بی کالونی، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، ناردرن بائی پاس کے علاوہ مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بارش کے شروع ہوتے ہی سڑکوں پر پانی پھر سے جمع ہونا شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا ہے کہ آج صبح کہیں کہیں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان رہے گا، جبکہ شام میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کی شدت کل کے مقابلے میں آج کم ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی تھی۔