چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر برائے پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی جانب سے ٹیلی فون کر کے عمران خان کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اِن دونوں رہنماؤں کی جانب سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران ضمنی انتخاب کے بعد کی صورتِ حال پر مشاورت بھی ہوئی ہے۔
اس سے قبل تحریکِ انصاف کی پنجاب میں ضمنی انتخابات میں جیت پر اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ عمران خان کہیں تو دو سیکنڈ میں اسمبلی توڑ دوں گا۔
پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔
ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) 4 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ 1 نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا ہے۔