امریکی وزارتِ خارجہ کے قونصلر ڈیرک شولے کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے اپیل کی گئی امداد سے کہیں زیادہ کی ضرورت ہوگی۔
واشنگٹن میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران امریکی وزارتِ خارجہ کے قونصلر ڈیرک شولے نے کہا کہ امید ہے کہ عالمی برادری مدد کے لیے آگے بڑھے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان کی معیشت کو پہنچنے والے نقصان اور امداد کا تخمینہ لگائے گا۔
امریکی قونصلر نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاری سے بحران طویل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے متاثرہ علاقوں میں پانی خشک ہونے میں وقت لگ سکتا ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ ہے۔
ڈیرک شولے نے مزید کہا کہ امریکا نے اب تک پاکستان کو 55 ملین ڈالرز کی امداد دی ہے، پاکستان کو اس سے زیادہ امداد کی ضرورت ہو گی۔
امریکی قونصلر کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات خوش آئند تھے۔