وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی الیکشن لڑنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے، ملیر کے حلقے کا سب تجزیہ کر لیں کہ ملیر ٹاؤن ہم جیتے ہیں۔
کراچی میں سانحہ کارساز کے شہداء کی یادگار پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو بتا دیا ہے کہ سندھ میں صورتحال کیا ہے، الیکشن کمیشن کو درکار سیکیورٹی دستیاب نہیں ہے، ہم تو ریلیکس ہیں، لیاری میں الیکشن سے یہ بھاگے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے پی ٹی آئی کو جمہوری شکست ہوئی ہے، یہ شخص اپنی پارٹی کو ڈبوتا جا رہا ہے، کبھی ایکس تنگ کرتا ہے کبھی وائے، نام لینے کی اس میں ہمت نہیں ہے، ہمت اور عقل نہیں ہے، حرکتیں ایسی کرتا ہے جیسے جوان ہو، جس دن اس نے سب حلقوں سے لڑنے کا اعلان کیا وہ اس کا زوال ہے۔
انہوں نے کہا کہ کار ساز دھماکے میں پیپلز پارٹی کے 180 کارکن شہید ہوئے جبکہ 500 سے زائد کارکن زخمی ہوئے تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سازش کے تحت اس دھماکے کے شواہد مٹا دیے گئے تھے، جب ایف آئی آر کٹوانے گئے تو تب بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کون لوگ اس حملے میں ملوث تھے سب کو معلوم ہے۔
سندھ کے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اُس وقت کے وزیرِ اعلیٰ کا ان کے حلقے کے عوام نے جو حال کیا وہ سب نے دیکھا، جمہوریت نے ان سب سے انتقام لے لیا ہے۔