پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی کی علیحدگی کی خبریں کئی بار گردش کر چکی ہیں لیکن گزشتہ روز یہ جوڑی ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آئی جس کے بعد ایسی تمام تر قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔
گزشتہ روز کراچی کے آرٹس کونسل میں عروہ حسین اور فرحان سعید کی آنے والی رومینٹک ایکشن فلم ’ٹچ بٹن‘ کے تھیٹریکل ٹریلر لانچ کی تقریب منعقد کی گئی۔
اس تقریب میں جہاں شوبز انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی وہیں عروہ حسین اور فرحان سعید بھی ایک ساتھ نظر آئے تو سب کی نظریں اس جوڑی پر ٹھہر گئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یہ جوڑی رواں برس اداکارہ زارا نور عباس کی سالگرہ کی تقریب میں بھی ایک ساتھ نظر آئی تھی۔
دوسری جانب شوبز انڈسٹری کی اس مقبول ترین جوڑی کے مداح انہیں ایک بار پھر ایک ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ و ماڈل عروہ حسین اور گلوکار و اداکار فرحان سعید 16 دسمبر 2016 کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
اس سے قبل جب سوشل میڈیا پر پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید کی علیحدگی سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں تو ایسی تمام تر خبروں کی تردید عروہ کے والد نے کی تھی۔
تاہم عروہ حسین اور فرحان سعید نے علیحدگی کی گردش کرتی خبروں پر کھل کر بات کرنے کی بجائے اس پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو ریلیز ہونے والی فلم ٹچ بٹن میں اداکار فرحان سعید، ایمان علی، فیروز خان، سونیا حسین، سہیل احمد، عروہ حسین، مرینہ خان، گل رعنا و دیگر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔