اتوار کو ہوئے ضمنی انتخاب میں ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157 سے پیپلز پارٹی کے فاتح امیدوار علی موسیٰ گیلانی کا کہنا ہے کہ ہم نے گھر گھر جا کر عمران خان کے پروپیگنڈے کا پردہ فاش کیا۔
ایک بیان میں علی موسیٰ گیلانی کا کہنا ہے کہ میرے دوستوں نے انتخابی مہم میں سوشل میڈیا پر بہت کام کیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی سےہم نے 2 نشستیں چھینی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے بیٹی کو میدان میں اتار کر اچھی سیاست کھیلی کیوں کہ ہمارے علاقےمیں خاتون کسی کے گھر چلی جائے تو قتل بھی معاف کر دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مہر بانو کی جگہ شاہ محمود قریشی یا عمران خان خود کھڑے ہوتے تو انہیں صرف 40 ہزار ووٹ ملنے تھے۔
یاد رہے کہ این اے 157 ملتان 4 کے تمام 264 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 1 لاکھ 7 ہزار 327 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔
ان کے مدِمقابل شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی اور پاکستان تحریکِ انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی نے 82 ہزار 141 ووٹ حاصل کیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی مہر بانو قریشی کو 25 ہزار 186 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی ہے۔