پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے سابقہ اہلیہ، علیزے سلطان کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے تشدد کے شواہد پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
فیروزخان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر ایک تدیدی نوٹ شیئر کیا ہے۔
فیروز خان کا سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ میں فیروز خان خود پر لگنے والے اور سوشل میڈیا پر زیرِگردش بے بنیاد، جھوٹے، بدنیتی پر مبنی الزامات کی تردید کرتا ہوں، اِن الزامات کی حقیقت میں کوئی حیثیت نہیں ہے، میں اِن الزامات سے متعلق اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہوں۔
فیروز خان کا مزید کہنا ہے کہ میں واضح طر پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے آج تک کوئی قانون نہیں توڑا اور نہ ہی کسی کے حقوق کی تلفی کی ہے، میں دنیا کے سب ہی انسانوں کے حقوق کا احترام کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ علیزے سلطان اور فیروز خان میں طلاق ہو چکی ہے۔
اس سابقہ جوڑی کا بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس کراچی کی مقامی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔
گزشتہ سماعت کے دوران علیزے سلطان نے عدالت میں فیروز خان کی جانب سے کیے گئے جسمانی تشدد کے شواہد پیش کیے تھے جو کہ کل سے سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی فنکار علیزے سلطان کے ساتھ ہمدردی اور فیروز خان پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔