اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ ظلم کے خلاف کراچی والے کھڑے ہوگئے تو کہا جائےگا دہشت گرد آگئے۔کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو نہیں مانتے ،انتخابات دوبارہ کرائے جائیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں سابق وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا کہ 15جنوری کو صبح پولنگ اسٹیشنز میں عملہ بھی نہیں تھا، پولنگ کے بعد پورے کراچی میں تماشا کیا گیا، کراچی جیسے شہر میں نتائج میں تاخیر کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی، کئی پولنگ اسٹیشنز پر پہلے سے ہی ٹھپے لگائے گئے تھے، ہمارے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، حیدرآباد میں بھی دھاندلی کی گئی، ہمارے جیتنے والے امیدوار کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی۔