متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک میں تین ارب ڈالرجمع کرانے کا اعلان کردیا۔
متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک میں تین ارب ڈالرجمع کرانے کا اعلان کردیا جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11 ارب ڈالرسے بڑھ جائیں گے۔ ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے مطابق رقم آئندہ چند دنوں میں جمع کروا دی جائے گی، رقم جمع کرانے کا مقصد پاکستان کی مالیاتی صورتحال میں بہتری لانا ہے جب کہ رقم سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے۔
ابوظہبی فنڈ برائے ترقی پاکستان میں پہلے سے 8 منصوبوں کی فنڈنگ کر رہا ہے اور8 منصوبوں کی مجموعی لاگت ڈیڑھ ارب درہم ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے اعلان کے بعد وزیراعظم عمران خان نے شکریہ ادا کیا اورکہا کہ یو اے ای نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، یہ اقدام ہمارے عزم اوردوستی کی عکاسی کرتا ہے جو سالوں سے ثابت قدم رہی۔
واضح رہے کہ 2 ماہ قبل وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پربھی اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو12 ارب ڈالرکا امدادی پیکج دے گا جس میں سے 2 ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں۔