اسلام آباد ہائیکورٹ نے کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ٹیریان کو ظاہر نہ کرنے پرعمران خان کے خلاف نااہلی کیس سے متعلق لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی کو ظاہرنہ کرنے پرعمران خان کے خلاف نا اہلی کیس کی سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث ان کے معاون وکیل پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرانے کا بتایا۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ جواب میں کہا گیا عمران خان مزید رکن قومی اسمبلی نہیں ہیں، مناسب ہوگا کہ عمران خان سے متعلق نئی صورتحال کا پتہ چلے۔
بینچ پر اعتراض سے متعلق عمران خان کے وکلاء سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ 2018 میں یہ کیس سننے سے معذرت ذاتی وجوہات پرنہیں کی تھی، اس وقت درخواست گزار نے مخصوص بینچ کے سامنے لگانے کی استدعا کی، بہرحال اعتراض اٹھایا ہے تو بینچ کی تشکیل نو کر دیتے ہیں، معاملہ لارجر بنچ کے سامنے رکھیں گے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 9 فروری تک کے لئے ملتوی کردی۔